تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں مگر مداخلت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے ترجمان طالبان

0
41

امارات اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح ﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں مگر مداخلت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق تقریب سے خطاب میں ذبیح ﷲ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان کسی بھی ملک کے خلاف دشمنی کے جذبات نہیں رکھتےافغان عوام طالبان کے ساتھ مل کر کام کریں اور ایک متنوع نظام بنانے میں مدد کریں۔

قبل ازیں ذبیح اللّٰہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم نے ابھی تک کسی ملک سے تجارت کرنے سے متعلق بات نہیں کی ہے۔

علاوہ ازیں طالبان کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کے انخلا میں غیر ملکی افواج کی مدد کے وعدے کی پاسداری کر رہے ہیں، غیر ملکیوں کے ساتھ افغانوں کو بھی ملک چھوڑنے کے لیے محفوظ راستہ دے رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی فوج کی انتہائی حساس بائیو میٹرک دیوائسز کو طالبان نے قبضے میں لے لیا ہے۔ یہ بات مؤقر جریدے سی این ای ٹی نے بتائی ہے سی این ای ٹی کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کو اس بات کے خدشات لاحق ہوگئے ہیں کہ ان ڈیوائسزمیں موجود حساس ترین معلومات کو اس کے مخالفین اسی کے خلاف استعمال کرسکتے ہیں۔

جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا اور امریکی فوج کی بائیو میٹرک ڈیوائسز کو طالبان کے قبضے میں گئے ہوئے ایک ہفتہ گزر چکا ہے ان بائیو میٹرک ڈیوائسز میں امریکی فوجیوں اور مقامی افغانوں کا انتہائی حساس ترین ڈیٹا موجود ہے۔

امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ بائیو میٹرک ڈیوائسز سے طالبان امریکہ کے ساتھ کام کرنے والے افغانوں کی نشاندہی کر کے انہیں انتقام کا نشانہ بھی بنا سکتے ہیں امریکی حکام کے مطابق طالبان بائیو میٹرک ڈیوائسز کا ڈیٹا خود چیک کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں لیکن کوئی پڑوسی ملک یا اس کی انٹیلی جنس اس ضمن میں ان کی مدد کرسکتی ہے۔

امریکہ عالمی جنگوں میں ایسی بائیومیٹرک ڈیوائسز استعمال کرتا رہا ہے اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن میں بھی امریکہ نے بائیو میٹرک معلومات سے مدد لی تھی۔

Leave a reply