لاہور کے علاوہ ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز کے اسکینرز اور واک تھرو گیٹس خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
باغی ٹی وی:قومی اسمبلی کی ذیلی قائمہ کمیٹی ریلویز کا اجلاس رمیش لال کی زیرصدارت ہوا قائمہ کمیٹی اجلاس میں ریلوے سکیورٹی کے ابترحالات کا انکشاف ہوا اور ریلوے پولیس حکام نے بتایاکہ لاہورکے علاوہ ملک بھر میں ریلوے اسکینرخراب ہیں اور واک تھرو گیٹ سارے خرا ب ہیں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی دیواربھی ٹوٹی ہوئی ہے۔
قائمہ کمیٹی نے اسکینرز کی خرابی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسکینر کیوں کام نہیں کررہے ریلوے پولیس کے حکام نے بتایا کہ ہم نے سی سی ٹی وی کیمرے لینے کی کوشش کی لیکن اسکینرز ہماری ذمہ داری نہیں ہیں، ریلوے پولیس کے پاس تو فنڈ ہی نہیں ہیں۔
کنوینر کمیٹی رمیش لال نے کہا کہ سیکریٹری ریلوے بورڈ کہہ رہے ہیں کہ یہ ریلوے پولیس کا کام ہے۔
ریلوے حکام نے بتایاکہ مین لائن کے علاوہ ٹریک پر ٹرینیں نہیں چلتیں، کراچی سے پشاور مین لائن کے علاوہ سائیڈ لائنز روزبروز خراب ہورہی ہیں، ایک کمپنی بنائی گئی جوریلویز اراضی کے معاملات دیکھے گی، کمیٹی ممبر وسیم قادر نے مطالبہ کیاکہ ریلوے افسران کا احتساب ہونا چاہیے، ریلویز ہیڈکوارٹر میں میٹنگ بلائی جائے، ریلویز کے چیئرمین اورچیف ایگزیکٹو کو کمیٹی میں مدعو کیا جائے۔
چیئرمین کمیٹی نے ریمارکس دیئے کہ ریلوے حکام ٹریک کے اطراف میں تجاوزات ختم نہیں کرسکے، کسی بھی وقت کوئی بڑا ٹرین حادثہ ہوسکتا ہے،ریلوے حکام تجاوزات میں بھتے لیتے ہیں، ریلوے افسران ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سکھرڈویژن میں بیس بیس کروڑ روپے کی پراپرٹی پرقبضہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 9 نومبر کو کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھےپولیس کے مطابق دھماکا جعفر ایکسپریس کی روانگی کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہواتھا، دھماکے کے وقت مسافر پلیٹ فارم پر جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے،دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے صحافیوں کو جاری بیان میں دھماکے کی ذمے داری قبول کی تھی،دہشت گرد تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ خودکش حملے میں پاکستانی فوج کے ایک دستے کو نشانہ بنایا گیا تھا جو انفینٹری اسکول سے کورس مکمل کرنے کے بعد واپسی کی تیاری کر رہا تھا۔