سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس، ٹول پلازوں پر ایم ٹیگ نظام پر بریفنگ
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس، ٹول پلازوں پر ایم ٹیگ نظام پر بریفنگ
اسلام آباد(باغی ٹی و ی)ء سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کو ایم ون، ایم ٹو، ایم نائن موٹر ویز پر ٹریفک کے بہاؤ اور ایم ٹیگ نظام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی نے یہ مسئلہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کو بھیجا تھا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایم ٹیگ نظام متعارف ہونے سے ٹول پلازہ پر لمبی قطاروں سے بچا جا سکے گا۔کمیٹی نے اس نئے متعارف کردہ نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوام کیلئے اس نظام پر رسائی حاصل کرنے کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے۔ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر لیفٹینٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی، سینیٹر آغا شاہ زیب درانی، سینیٹر اشوک کمار، سینیٹر یوسف بادینی، سینیٹر جہانزیب جمال دینی، سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کے علاوہ وزارت اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
چیئرمین کمیٹی نے اجلاس کے دوران دیر، چترال موٹروے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے چند روز قبل اس اہم شاہراہ کا اعلان کیا ہے اور اس سے یقینا علاقے کے عوام کو سہولت میسر ہوگی تاہم انہوں نے استفسار کیا کہ اگر یہ منصوبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی زیر نگرانی لایا جارہا ہے تو باجوڑ کو بھی اس میں شامل کیا جائے جس سے دیر چترال تک رسائی کیلئے ایک اور آپشن میسر ہوگا اور نظام پر بوجھ کم پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات اس پہلو کو سنجیدگی سے غور کرے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اگلے اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو طلب کیا جائے گا تاکہ اس منصوبے سے متعلق تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لے کر عوامی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے سفارشات مرتب کی جا سکیں۔کمیٹی کو این ایچ اے کی جانب سے این 95 شکارپور تا راجن پور، راجن پور تک ڈی جی خان اور ڈی جی خان تا ڈی آئی خان سیکشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ 1265 کلو میٹر طویل شاہراہ پر پیش رفت جاری ہے۔سینیٹر صلاح الدین ترمذی کی جانب سے کاغان تابابو سر ٹاپ سٹرک کی تعمیر کیلئے زمین کے حصول کے باوجود ادائیگیوں میں تاخیر ہونے کا مسئلہ زیر غور لایا گیا۔کمیٹی نے سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق زمین کے مالکان کو رقوم کی ادائیگی یقینی بنانے کی سفارش کی۔وزارت نے کمیٹی کو اس سلسلے میں یقین دہانی کراتے ہوئے اگلے اجلاس تک کیلئے مہلت مانگ لی۔
*******