اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث نائجیرین باشندوں کے 6 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ گروہ طلبہ کو منشیات فراہم کرنے میں ملوث تھا اور اس کی گرفتاری ایک اہم کارروائی تھی جو تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو روکنے کے لئے کی گئی۔

اے این ایف کے حکام کے مطابق، اسلام آباد میں آپریشن کے دوران پہلے ایک نائجیرین باشندے کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کا انکشاف کیا، جن میں افریقی ملک نائجیریا کے باشندے شامل تھے۔ اس معلومات کی بنیاد پر اے این ایف نے سیکٹر جی 13 میں چھاپہ مارا، جہاں ایک ہوٹل کے قریب پانچ مزید نائجیرین باشندے گرفتار کیے گئے۔حکام نے بتایا کہ ملزمان کے فلیٹ پر چھاپے کے دوران 135 گرام کوکین اور 3.2 کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملزمان نے تفتیش میں اعتراف کیا کہ وہ ہاسٹلز اور تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات فراہم کر رہے تھے۔

اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث غیر ملکیوں کی بڑی تعداد افریقی ممالک سے تعلق رکھتی ہے۔ حکام نے بتایا کہ منشیات اسمگلرز مختلف نئے اور خطرناک طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں منشیات کی اسمگلنگ کر رہے ہیں۔اے این ایف نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی اسمگلنگ اور سپلائی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی موجودگی کے بارے میں معلومات فراہم کریں تاکہ اس گھناونے کاروبار کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

یہ گرفتاری تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اہم قدم ہے، اور حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ تعلیمی ادارے محفوظ رہیں۔

داؤد ابراہیم کا قریبی ساتھی منشیات کیس میں گرفتار

اوکاڑہ: خاتون منشیات فروش گرفتار، 5 کلو 100 گرام چرس برآمد

آسٹریلیا،ایئر لائن کا ملازم شیمپو میں منشیات سمگل کرتے ہوئے گرفتار

Shares: