لاہور : علاج باالغذا پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام الناس کو بیاریوں سے محفوظ رہنے کے لیے نئے آسان ترین طریقہ علاج کے ذریعے رہنمائی کرنا شروع کردی ہے . اطلاعات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت عامہ کے تحفظ کے لیے نئے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ جس کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع غذائی کلینک کو فعال کیا گیا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا مقصدخوراک، حفظان صحت اور غیر صحت مند ماحول میں بہتری، ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی تعداد میں کمی ،سکول جانے والے بچوں کی بہتر نشوونما اوربڑھتے امراض پر قابو پانے کیلئے لوگوں میں آگاہی فراہم کرنا ہے ۔اس کے علاوہ عام شہریوں کویہ شعور فراہم کرنا ہے کہ مہنگی ادوایات کے بجائے روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی خوراک سے ہی بیماریوں کاعلاج ممکن ہے۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کی خوراک کے حوالے سے راہنمائی فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی نیوٹریشن سروے کے مطابق پنجاب میں 50 فی صد سے زائد افراد مختلف غذائی اجزا کی کمی کا شکار ہیں۔جس کی سب سے بڑی وجہ غذائیت کے حوالے سے معلومات کا فقدان ہے۔ اسی حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا فیس بک لائیو پروگرام ’غذاکی بات‘ لوگوں میں صحت مند غذا کے کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ کلینکس کے قیام سے تمام طبقات کے لوگ یکساں مفید ہو سکیں گے۔