سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر بیت المال پنجاب چوہدری ارشد جاوید وڑائچ (مرحوم) کے ایصال ثواب و بلندی درجات کے لیے منعقدہ ختم قل شریف و اجتماعی دعا کے موقع پر اپنے خطاب میں مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری ارشد جاوید وڑائچ (مرحوم) جیسے مخلص دوست زندگی کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی غریب اور نادار افراد کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی، جو یقیناً ان کی بخشش و مغفرت کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مرحوم کو ایک خدا ترس انسان، بہترین دوست اور منجھے ہوئے سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی علاقے اور جماعت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگرچہ چوہدری ارشد جاوید وڑائچ اب اس دنیا میں نہیں رہے، لیکن وہ اپنے عوام اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے مرحوم کے انتقال سے پیدا ہونے والے خلاء کو ناقابل تلافی قرار دیا۔
خواجہ آصف نے حاضرین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی آخروی زندگی کی تیاری کریں اور نیک اعمال بجا لائیں، بالکل اسی طرح غریب و نادار افراد کی مدد کریں جس طرح مرحوم ارشد جاوید وڑائچ کیا کرتے تھے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مرحوم ہر سال رمضان المبارک میں ہزاروں افراد کے لیے سحری و افطاری کا اہتمام کرتے تھے اور انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق کی خدمت کے بدلے مرحوم کی کامل بخشش و مغفرت فرمائے اور ان کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ چوہدری ارشد جاوید وڑائچ (مرحوم) مورخہ 7 اپریل بروز پیر حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ایصال ثواب کی اس تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، حنا ارشد وڑائچ، چودھری فیصل اکرام، رانا محمد فیاض، رانا شمیم احمد خان، رانا عبدالستار خان، رانا سعید احمد خان، خرم ورک، نوید اشرف، رانا عارف ہرناہ، رانا لیاقت، سابق ناظم چودھری محمد اکمل چیمہ، حسن اقبال، فاروق گھمن، رانا وحید، رفیق مغل، افضل منشاء، محمد ارسلان خان، آفتاب ناگرہ، محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ، عصمت اللہ وریاہ، عبدالشکور مرزا سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کی بخشش و مغفرت کے لیے دعا کی۔