اوچ شریف:کپاس کی لکڑیوں سے بھری ٹرالیاں، شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی جان کیلئے خطرہ

اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان ) اوچ شریف میں کپاس کی لکڑیوں سے بھری ٹرالیاں،شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی جان کیلئے خطرہ بن گئی ہیں

تفصیل کے مطابق شہر میں کپاس کی لکڑیوں سے بھری اوور لوڈ ٹرالیوں کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ یہ ٹرالیاں نہ صرف شہر کی گرین بیلٹ کو تباہ کر رہی ہیں بلکہ شہریوں کی جان کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

یہ ٹرالیاں شہر کے اہم علاقوں جیسے للووالی پل، حسینی چوک اور غوث الاعظم چوک سے گزرتی ہوئی الشمس چوک تک پہنچتی ہیں۔ سڑک کے کنارے لگے درختوں اور پودوں کو یہ ٹرالیاں روند ڈالتی ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے کچھ اہلکار ان ٹرالی والوں سے رشوت لے کر انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔ دوسری طرف میونسپل کمیٹی کا عملہ بھی اس مسئلے پر آنکھیں بند کرکے اسے نظرانداز کر رہا ہے۔

ان اوور لوڈ ٹرالیوں کی وجہ سے شہر میں حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹرالیاں نہ صرف دیگر گاڑیوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خود ان ٹرالیوں کے ڈرائیوروں کی جان کو بھی خطرہ ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی جان کو بچانے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

Comments are closed.