ٹرمپ اپنے آپ کوصدارت سے محروم ہوتا دیکھ رہے ہیں‌ ، ان کی خواہش ہے کہ صدارتی انتخابات ملتوی ہو جائیں: جو بائیڈن

0
36

واشنگٹن : ٹرمپ اپنے آپ کوصدارت سے محروم ہوتا دیکھ رہے ہیں‌ ، ان کی خواہش ہے کہ صدارتی انتخابات ملتوی ہو جائیں،اطلاعات کے مطابق امریکا کے صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں فراڈیا قرار دے دیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ آخرکتنی بار صدر ٹرمپ ایسی باتیں کہیں گےکہ آپ صرف یہ لکھنے سے رہ جائیں کہ وہ فراڈیا ہیں؟ امریکی صدر کو قوم کے لیے مثال ہونا چاہیے اور جو وہ کہتے ہیں اس پر انہیں قائم رہنا چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ عظیم دوئم میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کو شکست خوردہ قرار دینے پر ردعمل میں جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اگر صدر ٹرمپ سے متعلق جریدے میں شائع مضمون درست ہے تویہ انتہائی شرمناک ہے۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو اس حوالے سے ان تمام امریکی فوجیوں کےگھر والوں سے معافی مانگنی چاہیے جن کے پیارے جنگوں میں مارے گئے ہیں۔

آئندہ صدارتی الیکشن میں ٹرمپ کے حریف کا کہنا تھا کہ میں زندگی میں کسی شخص سے اس قدر مایوس نہیں ہوا جتنا ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آخر روسی صدرپوٹن سےاس قدر خوفزدہ کیوں ہیں؟ کوئی بھی ملک امریکی انتخابات پر اثرانداز ہو رہا ہو تویہ امریکا کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ممکنہ طور پر کوشش یہی ہے کہ الیکشن ملتوی کر دیے جائیں، اگر میں امریکا کا صدر بنا تو الیکشن میں کسی بھی مداخلت کا جواب دیا جائےگا۔

Leave a reply