وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ جبکہ این ڈی ایم اے نے موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے جبکہ مسافروں، سیاحوں اور دیگر لوگوں کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کے روزکشمیر، گلگت بلتستان ،خیبر پختونخوا ،اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار ،بالائی /وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ اس دوران بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلا دھاربارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہے گا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے سلسلہ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفان کے ساتھ شدید بارشوں کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر پرمبنی ہدایات جاری کی ہیں۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے اس ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری اور عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ایمرجنسی اور میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں کو پیشگی اطلاع فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
صفائی کی مد میں کروڑوں روپے خورد برد کر لیے گئے، میر صادق عمرانی
عمرانی دورحکومت میں 29 افراد کو فوجی عدالتوں سے سزا سنائی گئی،درخواست دائر
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے سے دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہےمسجد نبوی میں 4.2 ملین نمازی اور زائرین کی آمد ریکارڈ
اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان
گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس طلب
عمرانی دورحکومت میں 29 افراد کو فوجی عدالتوں سے سزا سنائی گئی،درخواست دائر
علاوہ ازیں مون سون کی بارشوں کے دوران عوام سے کہا گیا ہے کہ ٹپکتی چھتوں ، دراڑ والی اور کچی دیواروں کی مرمت یقینی بنائیں، چھتوں اور صحن سے نکاسی آب یقینی بنائیں، گھر و گلی محلوں کی نالیوں اور سیوریج میں کوڑا ہر گز مت پھینکیں، نشیبی علاقوں کے رہائشی تہہ خانوں میں رہائش سے گریز کریں ، بجلی کی تاروں اور کنکشن کی مرمت کرائیں،ایمرجنسی میڈیکل کٹ تیار رکھیں،موسمی حالات سے مسلسل باخبر رہیں،بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں،تیز آندھی و طوفان کی صورت میں درختوں ، بوسیدہ دیواروں اور پلوں سے دور رہیں۔ این ڈی ایم اے نےکہا کہ بارش کے دوران دریائوں ، ندی نالوں کو پار کرنے اور ان میں نہانے سے گریز کریں،گیلے لباس وجسم کے ساتھ برقی آلات کو ہرگز نہ چھوئیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔