تیونس میں تنخواہوں اور بونس کی ادائیگی میں تاخیرپرہڑتال

0
37

تیونس کے دارالحکومت میں پیرکے روز سرکاری ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازمین نے تنخواہوں اور بونس کی ادائیگی میں تاخیرپرہڑتال کی جس کی وجہ سے میٹرواور بسوں کی آمدورفت معطل ہوکررہ گئی ہے۔

باغی ٹی وی : "الجزیرہ” کے مطابق تیونس کے دارالحکومت میں میٹرو اور بسوں کی آمدورفت رک گئی جب سرکاری ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازمین نے اجرتوں اور بونس کی ادائیگی میں تاخیر پر ہڑتال کی یہ ہڑتال دیوالیہ ہونے کے دہانے پرکھڑی سرکاری کمپنیوں کو درپیش مالی مسائل کواجاگرکرتی ہے جبکہ صدر قیس سعیّد کی حکومت اس وقت بدترین مالی بحران کا شکار ہے۔

کمپنی کے ترجمان حیات شمتوری نے کہا کہ یونین اجرتوں اوربونس کی ادائی میں تاخیر کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’کمپنی میں مالی صورت حال فی الواقع ابتر ہے۔

ٹرانسپورٹ کی یہ ہڑتال ملک کی طاقتور یو جی ٹی ٹی یونین کی جانب سے بھی طاقت کا مظاہرہ ہے۔اس نے اپنے مطالبات کے حق میں سلسلہ وار احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دس لاکھ ارکان پرمشتمل اس یونین نے 25 اور26 جنوری کو فضائی، زمینی اورسمندری نقل وحمل کے کارکنوں کی دو روزہ ہڑتال کی منظوری دی ہے۔اس کا مقصد ‘حکومت کی جانب سے سرکاری کمپنیوں کو دیوار سے لگانے کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔

ایلون مسک اپنی دولت سے کیا خرید سکتے ہیں؟

اس ہڑتال کی وجہ سے دارالحکومت تیونس میں نقل و حمل کے ذرائع کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اورانھوں نے اپنے سخت غم وغصے کا اظہارکیا ہے تیونس کے بعض حصوں میں لوگوں نے ہڑتال کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بند کردیں۔

تیونس، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.9 ارب ڈالر کے قرض کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہا ہے جس میں اخراجات میں کمی، سرکاری کمپنیوں کی تنظیم نو اور توانائی اور خوراک کی مد میں زرتلافی (سب سڈی) میں کمی سمیت غیر مقبول اصلاحات شامل ہیں۔

وزیراقتصادیات سمیر سعید نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ تیونس کو افراط زر کی بلندشرح کے ساتھ ایک مشکل سال کا سامنا کرنا پڑے گا اوریہ 10 فی صد سے تجاوزکرجائے گی۔

ٹرانسپورٹ کارکنان کی اس ہڑتال سے صدرقیس سعیّد کی حکومت پر دباؤ بڑھے گا۔انھوں نے سترہ ماہ قبل تمام انتظامی اختیارات پرقبضہ کرلیا تھا،حکومت اورپارلیمان کو چلتا کیا تھا۔انھیں اب اپنے اقدامات کی وجہ سے سیاسی جماعتوں کے علاوہ عوام کی مخالفت کا سامنا ہے۔

آسٹریلیا میں دو ہیلی کاپٹروں کا فضا میں تصادم،4 افراد ہلاک 3 کی حالت تشویشناک

Leave a reply