تربت ایئر پورٹ پر ایئر فیلڈ لائٹنگ کی تنصیب کا فیصلہ
پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نےتربت ایئر پورٹ پر نائٹ لینڈنگ کی بہتر سہولیات کے لیے ایئر فیلڈ لائٹنگ کی تنصیب کا فیصلہ کیاہے-
باغی ٹی وی : ذرائع پی اے اے کے مطابق تربت ایئر پورٹ پر جدید سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ رات کے اوقات میں جہازوں کی لینڈنگ میں مشکلات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے خطیر رقم سے مخصوص لائٹس کی تنصیب ایئر پورٹ کے رن وے اور ملحقہ جگہوں پر کی جائے گی، لائٹوں کی تنصیب کے لیے پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی نے خواہش مند کمپنیز سے پیشکشیں طلب کرلیں، لائٹس نصب ہونے کے بعد رات کے اوقات میں پرواز کے کپتانوں کو ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران بہتر حدنگاہ میسر آئے گی۔
دوسری جانب پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی (پی اے اے)نے آفیشل ویب سائٹ لانچ کر دی ہے اس حوالے سے پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی ہیڈ کواٹرز میں تقریب منعقد کی ،جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل پی اے اے ایئر وائس مارشل تیمور اقبال نے کی،آئی ٹی کے عہدیداروں نے ویب سائٹ کی اہم خصوصیات پر بریفنگ دی، ایئر وائس مارشل تیمور اقبال نے ‘کلک’ سے ویب سائٹ کو باضابطہ طور پر آن لائن کیا، ویب سائٹ پی اے اے کی ڈیجیٹل موجودگی اور عوامی رسائی میں اہم کردار ادا کرے گی۔