مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو عالمی سطح پر اٹھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے ترکی کی قومی اسمبلی کے اسپیکر مصطفےٰ شن توپ کو ٹیلی فون کیا اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال اور بھارتی جارحیت کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
ترکی کی خبررساں ایجنسی ٹی آر ٹی کے مطابق اس موقع پر مصطفےٰ شَن توپ نے کہا کہ وہ کشمیر کی صورتِ حال کا بڑے قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ترک عوام، ترک اراکین اسمبلی، ترک وزیر خارجہ اور سب سے بڑھ کر ترک صدر رجب طیب ایردوان کو کشمیر کی صورتِ حال پر سخت تشویش لاحق ہے۔
ترکی کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ وہ جلد ہی ترکی کی قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر سے متعلق کشمیری عوام کے حق میں قرارداد پیش کریں گے۔
اسد قیصر نے بھارت کی جانب سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بارے میں اس کے خطے پر پڑنے والے منفی اثرات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے گھناونے اقدام نے خطے کی گھمبیر صورتحال کو مزید سنگین کر دیا۔دنیا کی منتخب پارلیمان بھارت کے انسانیت سوز جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔