ترکی کے یوم فتح پر اسلام آباد میں ترک سفارت خانے میں خصوصی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ تقریب میں پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مجاہد انور نے پلوامہ واقعے کے بعد ترکی کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ایئرچیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 25 روز سے مظلوم کشمیری عوام اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ بچے بوڑھے اور خواتین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ بین الاقوامی برادری کو کشمیریوں کے مصائب کا نوٹس لینا چاہیے۔
پاکستان میں ترک سفیر نے ترکی کی طرف سے مسئلہ کشمیر پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ سفیر نے کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کے فورم پر پہلے کی طرح پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔