راولپنڈی:ترک چیف آف جنرل سٹاف کی جنرل ندیم رضا سےملاقات،اطلاعات کے مطابق ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی ملاقات میں دوطرفہ و علاقائی سلامتی، افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو، دوطرفہ فوجی و دفاعی تعاون میں وسعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں کی ملاقات میں باہمی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، ترکی ہر مشکل کے ساتھی، تذویراتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ترک جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

دوسری طرف ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ترکی کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل یاسر گلر کی نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد آمد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ترکش جنرل کا استقبال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا، جنرل یاسر گلر نے خطے میں بحری استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترکی کے چیف آف جنرل اسٹاف کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

Shares: