گزشتہ سال دسمبر 2019 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی وی نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے بعد مسلمانوں کی فتوحات کی کہانی پر مبنی شہرہ آفاق ترکش ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ کی اردو ڈبنگ کا آغاز کردیا
بتایا گیا تھا کہ پی ٹی وی نے معروف ڈرامے دیریلیش ارطغرل کے اردو ترجمے کے بعد اعلیٰ مہارتی ٹیم کے ساتھ اس کی ڈبنگ شروع کردی اور جلد ہی اس کی ڈبنگ کا کام مکمل کرکے اسےپی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا
جبکہ رپورٹس میں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ’دیریلیش ارطغرل‘ کو کب تک پی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا لیکن خیال کیا جا رہا تھا کہ 2020 کے وسط تک ڈرامے کو نشر کردیا جائے گا
اب خبر سامنے آئی ہے کہ مبینہ طور پر پی ٹی وی نے ترکش ڈرامے کی اردو ڈبنگ کا کام روک دیا جبکہ ڈبنگ روکنے کی خبر پر مداح مایوس ہو گئے ہیں
اس خبر کاا نکشاف ریڈیو پاکستان کی براڈکاسٹر اور ’دیریلیش ارطغرل‘ کی اردو ڈبنگ کی ٹیم میں شامل وائس اوور آرٹسٹ دیا رحمٰن نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کیا کہ ترکش ڈرامے کی اردو ڈبنگ کا کام روک دیا گیا ہے
دیا رحمٰن کا کہنا تھا کہ انہوں نے لوگوں کے سوالوں پر ویڈیو میں جوابات دینے کا سوچا اور وہ سب کو یہ بتانا چاہتی ہیں کہ ’دیریلیش ارطغرل‘ کی ڈبنگ روک دی گئی ہے
دیا رحمن کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ ڈرامے کی ڈبنگ کس لیے اور کیوں روکی گئی ہے تاہم ان کا ذاتی خیال ہے کہ شاید اب ڈرامے کی ڈبنگ کوئی نجی چینل کرے گا
دیا رحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے دوسرے افراد کے ساتھ مل کر ’دیریلیش ارطغرل‘ کی 6 قسطوں کی ڈبنگ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں مکمل کرلی تھی تاہم پھر اچانک پی ٹی وی انتظامیہ نے اس کی ڈبنگ روک دی
جبکہ دوسری جانب پی ٹی وی نیوز کی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری ٹی وی کے ترجمان نے ترکش ڈرامے کی ڈبنگ کو روکے جانے کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈرامے کی ڈبنگ جاری ہے اور جلد ہی ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا لیکن اس کے جواب میں دیا رحمن نے ایک بار پھر کمنٹ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ ڈرامہ 2020 میں بھی پی ٹی وی پر نشر نہیں ہوگا