واشنگٹن میں یہودی میوزیم کے باہر فائرنگ، اسرائیلی سفارتخانے کے دواہلکار ہلاک

3 گھنٹے قبل
تحریر کَردَہ
usa

واشنگٹن میں واقع کیپیٹل یہودی میوزیم کے باہر فائرنگ کے ایک واقعے میں اسرائیلی سفارتخانے کے دو ملازمین ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میوزیم میں امریکی یہودی کمیٹی کی جانب سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا تھا۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق، حملہ آور نے حملے سے پہلے "فری فلسطین” کے نعرے لگائے تھے۔ پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو حراست میں لے لیا ہے، واشنگٹن پولیس چیف پامیلا سمتھ نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ حملہ ایک ہی شخص نے کیا تھا، جو میوزیم کے باہر کھڑا تھا اور پولیس کی حراست میں بھی "فری فلسطین” کے نعرے لگا رہا تھا۔ اس واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں یہودیوں کے خلاف ہونے والی ان ہلاکتوں کو اب رکنا چاہیے، اور امریکہ میں نفرت و انتہا پسندی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ صدر ٹرمپ نے متاثرین کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعے کی مذمت کی۔

واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے کے ترجمان ٹیل نعیم کوہن نے بتایا کہ یہ دونوں اسرائیلی سفارتخانے کے ملازمین یہودی کمیونٹی کے پروگرام میں شریک تھے اور انہیں انتہائی قریب سے گولیاں ماری گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی اور وفاقی حکام پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں کہ وہ حملہ آوروں کو پکڑ کر اسرائیل کے نمائندوں اور یہودی برادری کی حفاظت کریں گے۔

ایف بی آئی کی جوائنٹ ٹیررزم ٹاسک فورس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، اور ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی وزیر کرسٹی نوئم نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی سفارتخانے کے دو ملازمین کی ہلاکت کا معاملہ تحقیقات کے تحت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں کو جلد کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرین کے خاندانوں کے لیے دعا کی جائے گی۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا کہ ہم اس واقعے کی تحقیقات میں ایم پی ڈی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور جلد مزید معلومات فراہم کریں گے۔

ممتاز حیدر

ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں
Follow @MumtaazAwan

Latest from بین الاقوامی