اسلام آباد :عرب امارات نے پاکستان سمیت 12 ممالک کیلئے وزٹ ویزے کا اجرا معطل کردیا ہے، اطلاعات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سمیت 12 ممالک کو وزٹ ویزا کے اجرا کا عمل عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ یو اے ای انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیا گیا ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام سے سرکاری طور پر تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق پہلے سے جاری کردہ ویزوں پر نہیں ہوگا۔ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ معطلی کا اطلاق ویزا کی کتنی کیٹیگریز پر ہوگا۔یہ بھی یاد رہنی چاہیے کہ متحدہ عرب امارات میں بزنس، سیاحت، ٹرانزٹ اور طلبا سمیت ویزے کی متعدد اقسام ہیں۔
واضح رہے کہ جون میں پاکستان میں تیزی سے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمیریٹس نے پاکستان سے 3 جولائی تک کے لیے مسافر سروس عارضی طور پر معطل کردی تھی۔
یہ فیصلہ ایمیریٹس کی پرواز کے ذریعے ہانگ کانگ جانے والے 30 پاکستانی شہریوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایئرلائن نے جولائی میں پروازیں بحال کردی تھیں۔