صوبائی وزیر برائے اطلاعات آرٹس کونسل الحمراء میں ’’چلڈرن آرٹ اینڈ کرافٹ ورکشاپ‘‘ کا افتتاح آج کریں گے
لاہور ۔ 28 جولائی(اے پی پی )لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں یوم آزادی قومی جوش و خروش سے منایا جا ئے گا،ان شاندار تقریبات کا آغازآج سے’’چلڈرن آرٹ اینڈ کرافٹ ورکشاپ‘‘ سے ہوگا ۔ صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت میاں محمد اسلم اقبال،ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ء اطہر علی خان کے ہمراہ ورکشاپ کا افتتاح کریں گے ۔ اطہر علی خان نے اس حوالے سے کہا کہ الحمرا میں یوم آزادی پاکستان کی تقریبا ت 29جولائی سے 14اگست 2019تک جاری رہیں گی،نمائشوں کے انعقاد سے نوجوانوں کو قائدین پاکستان کی جدوجہد سے آگاہ کیا جائے گا،اس موقع پر شہداء کو زبردست خراج عقید ت پیش کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کی نسبت سے ڈرامہ فیسٹیول، ٹاک شوز،بچوں کے پروگرامز، آزادی واک اور ملی نغموں کے شوزپیش کئے جائیں گے جن کے انتظامات مکمل کر لئے جا چکے ہیں ، یوم آزادی پاکستان کی تقریبات میں ملک و قوم کی سلامتی،ترقی و خوشحالی کی دعائیں بھی کی جائیں گی ۔