اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف کے شہری علاقوں محلہ شمیم آباد، ٹینکی چوک، محلہ جگ پورہ، حسینی چوک، شمس کالونی، محلہ گیلانی، جمال درویش اور دیگر علاقوں میں جانوروں کے بھانے، گندگی اور مچھروں کی افزائش سے بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔ انتظامیہ کی خاموشی سے عوام پریشان ہیں، گنجان آبادیوں میں بدبو، تعفن اور وبائی امراض کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، پنجاب حکومت کی جانب سے شہری علاقوں اور گنجان آباد محلوں میں جانوروں کے بھانے قائم کرنے پر پابندی عائد ہونے کے باوجود مقامی انتظامیہ کی غفلت کے باعث اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ اوچ شریف کے مختلف رہائشی علاقوں میں شہریوں نے بھینسوں، بکریوں اور دیگر مویشیوں کے بھانے بنا رکھے ہیں، جس کی وجہ سے گندگی اور مچھروں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کے فضلے کی وجہ سے گلیوں، محلوں اور کھلی جگہوں پر تعفن پھیل رہا ہے، جس سے سانس کی بیماریاں اور دیگر انفیکشنز عام ہو رہے ہیں۔ گندگی کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو چکا ہے، جو ملیریا، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں۔ خاص طور پر بچے اور بزرگ اس آلودہ ماحول کی وجہ سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو بارہا شکایات درج کروائی گئی ہیں، مگر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ متعدد علاقوں میں صفائی کا عملہ بھی گندگی اٹھانے سے قاصر نظر آتا ہے، جس کی وجہ سے مسئلہ مزید گھمبیر ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ بااثر افراد کے دباؤ کی وجہ سے مقامی افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
مقامی شہریوں عبدالرحمن، حفیظ خان، سہیل عباس، نعمان خالد، انس خان اور دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، صوبائی وزیر بلدیات اور کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ گنجان آبادیوں میں قائم جانوروں کے بھانے فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کیے جائیں، ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور علاقے میں فوری طور پر صفائی اور اسپرے مہم شروع کی جائے تاکہ مچھروں اور گندگی سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پایا جا سکے۔