اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار ، حبیب خان): اوچ شریف کے نواحی علاقے یونین کونسل بن والا میں جاری سولنگ منصوبے میں کرپشن کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ اس ترقیاتی منصوبے میں ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے سڑکوں کی پائیداری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

مقامی شہریوں ے مطابق ٹھیکیداروں اور ضلع کونسل کے افسران کی ملی بھگت سے پرانی سولنگ اکھاڑ کر نیچے اور اوپر ریت ڈالے بغیر ناقص اینٹوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سے سڑکوں کی حالت بدتر ہو گئی ہے اور عوامی مفادات کو نقصان پہنچا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی کے بجائے مزید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے فوری اور سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جس میں کرپشن کی تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شامل ہے۔

اہلیان علاقہ نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منصوبے کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ملوث افراد کو بے نقاب کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع کونسل کے افسران اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔

Shares: