اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں ڈینگی وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر سویٹ کارخانوں میں صفائی کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر قانونی نوٹس جاری کر دیے گئے۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور فوکل پرسن ہیلتھ ڈینگی انسپکٹر عمران حیدر سیال نے الشمس چوک میں زم زم سویٹ کارخانوں کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں صفائی کی ناقص صورتحال دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ واٹر کولرز زنگ آلود، ٹینکیاں گندگی سے بھری ہوئی اور مجموعی صفائی کے انتظامات ناقابل قبول پائے گئے، جس سے ڈینگی کے پھیلاؤ کے شدید خدشات پیدا ہو گئے۔
انسپکٹر نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کارخانہ مالکان محمد عمران، محمد خالد اور محمد اقبال کو ڈینگی ایکٹ کی دفعہ 5 کے تحت قانونی نوٹس جاری کر دیے اور سختی سے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے معیار کو فوری بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مچھر کی افزائش روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات نہ کیے گئے تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عمران حیدر سیال نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صفائی کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوچ شریف کے عوام کو ڈینگی سمیت دیگر وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے کارخانوں کی مسلسل نگرانی اور چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔