اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور اس کے نواحی علاقے آج دو دل دہلا دینے والے واقعات کی لپیٹ میں رہے جنہوں نے مقامی آبادی کو سوگوار کر دیا۔ ایک جانب تین سالہ معصوم بچی اقرا عباسیہ لنک کینال میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی، تو دوسری طرف موٹروے انٹرچینج کے قریب کار حادثے میں ایک مرد اور بچہ زخمی ہو گئے۔

پہلا واقعہ اوچ شریف روڈ پر واقع عباسیہ لنک (ابو ظہبی) کینال کے کنارے پیش آیا، جہاں تین سالہ بچی اقرا کھیلتے ہوئے نہر میں جا گری۔ نہر کی گہرائی 16 فٹ جبکہ چوڑائی 200 فٹ بتائی گئی ہےاور حادثہ بچی کے گھر سے محض 50 میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ ریسکیو 1122 کو صبح 5 بج کر 10 منٹ پر اطلاع دی گئی، جس پر واٹر ریسکیو وین، اسکیوبا ڈائیورز اور سات ریسکیورز پر مشتمل ٹیم 16 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئی۔ کئی گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن کے بعد بچی کی لاش قاسم والا بنگلہ (لیاقت پور) کے مقام سے نکال کر لواحقین کے حوالے کی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔

دوسرا واقعہ موٹروے ایم فائیو انٹرچینج کے قریب پیش آیا، جہاں لاہور سے رحیم یار خان جانے والی فیملی کی الٹو کار کو ایک تیز رفتار نامعلوم ٹرالر نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں کار سوار ایک مرد کے سر پر شدید چوٹ آئی جبکہ ایک بچہ معمولی زخمی ہوا۔ ٹرالر ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد دی اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور مفرور ٹرالر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے دونوں واقعات میں بروقت کارروائی کی گئی، تاہم معصوم اقرا کی جان نہ بچائی جا سکی، جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔

Shares: