اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) عوامی ٹیکس کی لوٹ مار، موضع کندرالہ سیت پور پل کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا،عوامی ٹیکس کا ضیاع، مقامی افراد میں شدید غم و غصہ، تحقیقات کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق دریائے چناب کے لنک پر موضع بختیاری میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو جوڑنے کے لیے تعمیر کیا جانے والا پل کرپشن کی بدترین مثال بن گیا۔ مقامی افراد نے پل کی تعمیر میں ناقص اینٹوں اور کمزور میٹریل کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یہ پل موضع کندرالہ سیت پور اور قریبی بستیوں کو اوچ شریف اور دیگر اہم علاقوں سے ملانے کے لیے بنایا جا رہا ہے، جس سے سیلاب کے دوران بھی ان علاقوں تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔ تاہم تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے ناقص میٹریل نے اس اہم منصوبے کی پائیداری پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پل کی تعمیر میں استعمال ہونے والی اینٹیں انتہائی کمزور ہیں اور میٹریل بھی ناقص ہے۔ جس کی وجہ سے یہ پل کسی بھی وقت گر سکتا ہے اور اس سے نہ صرف قیمتی جانوں کا ضیاع ہونے کا خدشہ ہے بلکہ عوامی ٹیکسوں سے اکٹھا ہونے والا سرمایہ بھی ضائع ہو جائے گا۔

اس صورتحال پر مقامی افراد میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، کمشنر بہاولپور اور چیف سیکرٹری پنجاب سے فوری ایکشن لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

عوامی شکایات پر منتخب عوامی نمائندے ایم پی اے سید عامر علی شاہ نے بھی پل کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔

مقامی افراد نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو یہ اہم منصوبہ ناکام ہو جائے گا اور ان کی سفری مشکلات جوں کی توں رہیں گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ پل کی تعمیر کو معیاری اور پائیدار بنایا جا سکے۔

Shares: