اوچ شریف: تجاوزات کے خاتمے اور ماڈل ریڑھی بازار کے قیام پر اتفاق

اوچ شریف (باغی ٹی وی،باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے وفد نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی قاضی محمد نعیم سے ملاقات کی، جس میں شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور ماڈل ریڑھی بازار کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تفصیلات کے مطابق، ملاقات میں چوہدری فیاض حسین، محمد عمر خورشید سہمن، اور چوہدری تاج حسین سمیت دیگر عہدے داران شریک تھے۔ چیف آفیسر قاضی محمد نعیم نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف آپریشن روزانہ جاری ہے، اور تاجروں کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

قاضی محمد نعیم نے مزید کہا کہ ماڈل ریڑھی بازار کے لیے الشمس چوک، احمد پور شرقیہ روڈ، اور خیر پور ڈایا روڈ پر مقامات مختص کر دیے گئے ہیں۔ دکانداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کے آگے غیر قانونی شیڈز اور سائن بورڈز رضاکارانہ طور پر ہٹائیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

ملاقات کے دوران تجاوزات کے خاتمے کے لیے مربوط لائحہ عمل ترتیب دینے پر اتفاق کیا گیا۔

Comments are closed.