اوچ شریف:تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پبلک اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں چار دیواری کے ساتھ خاردار تار اور کلوز سرکٹ کیمرے نصب کرائے جائیں۔ اداروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر بیرئیرز رکھے جائیں اور انٹری پوائنٹس پر انٹری رجسٹر بھی ترتیب دیا جائے۔ سمیرا ربانی نے مزید کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں سکیورٹی گارڈز تعینات کیے جائیں اور اداروں کے سربراہان اپنے اپنے اداروں کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کریں۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر اور تعلیمی اداروں کے سربراہان شریک تھے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

Comments are closed.