اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) ملک بھر کی طرح اوچ شریف میں بھی یوم اساتذہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا اور سوشل میڈیا پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
شہر کے سینئر صحافیوں احمد حسن اعوان، ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی، میاں عامر صدیقی، ساجد خان، خواجہ غلام شبیر، حبیب اللہ خان بلوچ، ارشاد احمد شاد، ملک شفیق انجم اور ملک یعقوب ککس ملک ثاقب منظور نے اس موقع پر اساتذہ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ استاد کو روحانی ماں باپ کا درجہ دیا گیا ہے اور جو لوگ اساتذہ کا احترام کرتے ہیں وہ کبھی پیچھے نہیں رہتے۔
سینئر صحافی احمد حسن اعوان نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اساتذہ کو وی وی آئی پی سمجھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ممالک تعلیم میں ترقی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی نے اساتذہ کو محنتی اور باہمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں مستقبل کے معماروں کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
میاں عامر صدیقی نے کہا کہ اس دن کا مقصد اساتذہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور انہیں تحریک دینا ہے کہ وہ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ حبیب اللہ خان نے کہا کہ اساتذہ کی کامیابی دراصل قوم کی کامیابی ہے اور اگر ہم اپنے اساتذہ کا خیال رکھیں گے تو قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔
یہ قابل ذکر ہے کہ یونیسکو کی جانب سے 1994ء سے عالمی یوم اساتذہ منایا جا رہا ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تعلیم کی ترقی میں اساتذہ کا کردار کس قدر اہم ہے۔ اس دن کے ذریعے معاشرتی شعور میں اضافہ اور اساتذہ کی قدر و قیمت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔