سعودی عرب نے زائرین عمرہ کی یومیہ تعداد بڑھا کر 70 ہزار کردی۔
باغی ٹی وی : "ترکی اردو” کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب یومیہ بنیادوں پر 70 ہزار زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے سعودی حکام کی جانب سے عمرہ زائرین کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ بڑھتی ہوئی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد بڑھا کر 70 ہزار کی اجازت دے دی ہے
یکم صفر آج بدھ سے مسجد الحرام میں عمرہ کے لئے آنے والوں کی تعداد بڑھا کر 70 ہزار کر دی گئی ہے#SaudiArabia #Umrah pic.twitter.com/F89oIYDtw0— ترکیہ اردو (@TurkiyeUrdu_) September 8, 2021
یہ بات منگل کے روز ایک اعلان میں بتائی گئی وزارت کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات پر پوری طرح کاربند رہا جائے گا۔
وزارت نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری سے کیا گیا عمرے کی بکنگ "توکلنا” ایپلی کیشن کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ نئے حکم نامے کے تحت عمرہ ادائیگی کا اجازت نامہ 15 روز بعد جاری کرایا جاسکتا ہے جبکہ مسجد نبوی میں روضہ شریف کا اجازت نامہ ایک ماہ بعد ہی جاری ہو گا جبکہ اعتمرنا ایپلی کیشن کے ذریعے ایک وقت میں ایک سے زیادہ اجازت نامہ جاری نہیں ہو گا۔
یاد رہے کہ عمرہ اور نماز کے اجازت نامے مقامی شہری، مقیم غیرملکی اور وزٹ ویزا ہولڈر توکلنا ایپ میں اپ ڈیٹ کے بعد جاری کرا سکتے ہیں اعتمرنا ایپ کے ذریعے جاری ہونے والے کسی بھی اجازت نامے پر کوئی فیس نہیں ہے، تمام اجازت نامے مفت ہیں۔








