مقبوضہ بیت المقدس وادی گولان میں اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں ،اقوام متحدہ
نیویارک: مقبوضہ بیت المقدس کی وادی گولان میں اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں ،اقوام متحدہ ،اطلاعات کےمطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ شام کے علاقے گولان کی حیثیت تبدیل کرنے کے لئے صیہونی حکومت کے تمام اقدامات منسوخ اورکالعدم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جمعے کو ایک قرارداد منظور کر کے شام کے علاقے گولان پر اپنا غاصبانہ قبضہ مضبوط بنانے کے لئے صیہونی حکومت کے اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور عام شہریوں کی حمایت پر مبنی جنیوا معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور صیہونی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔
مقبوضہ علاقہ گولان کے زیرعنوان منظور ہونے والی اس قرار داد کے حق میں ایک سو ستاون ووٹ پڑے جبکہ بیس ملکوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور امریکہ و صیہونی حکومت نے اس قرارداد کی مخالفت کی۔اقوام متحدہ کی اس قرارداد میں تاکید کی گئی ہے کہ بین الاقوامی قوانین منجملہ اقوام متحدہ کے منشور کی بنیاد پر طاقت کے ذریعے زمینوں پر قبضہ جائز نہیں ہے۔