اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

باغی ٹی وی :اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے، اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، پاکستانی قیادت انہیں مسئلہ کشمیر اور وادی میں بھارتی مظالم سے آگاہ کرے گی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور حکام نے انتونیو گوتریس کا استقبال کیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات اور 6 بجے مشترکہ پریس کانفرنس ہو گی۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے ملاقات بھی شیڈول ہے، پاکستانی قیادت سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیرکے تمام پہلوؤں سے آگاہ کرے گی۔

انتونیو گوتریس موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ڈسکشن میں شریک ہوں گے، پیر کو دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے افغان مہاجرین میں شرکت کریں گے۔صدر مملکت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اعزاز میں عشایہ دینگے،18 فروری کو سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس لاہور جائیں گے جہاں وہ لمز یونیورسٹی میں طلباء سے ملیں گے۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل 17 فروری کی صبح افغان مہاجرین پر بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ انتونیو گوئترس جامعہ نسٹ میں عالمی امن و استحکام مرکز جائیں گے جہاں وہ امن مشن میں پاکستانی خدمات بارے تصویری نمائش کا افتتاح اور اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، انتونیو گوئترس کے اعزاز میں ایوان صدر میں عشائیہ بھی دیں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 18 فروری کو لاہور میں نوجوانوں سے خطاب کریں گے اور پولیو مہم کا بھی افتتاح کریں گے جس کے بعد وہ وہاں سے نارووال جائیں گے۔

Shares: