دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس پاکستان کے لیے عالمی یکجہتی اور حمایت کے اظہار کے طور پر آج دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات اور نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کے علاوہ سیلاب سے شدید طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے علاوہ نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کا دورہ کریں گے جبکہ وہ وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ انتونیو گوٹیرس وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے بات چیت کے بعد دفتر خارجہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں بشمول بلوچستان اور سندھ (سکھر، اوستہ محمد، موہنجو داڑو اور لاڑکانہ) کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ امدادی کاموں میں ابتدا سے سرگرم کارکنوں سے ملاقات کے علاوہ سیلاب سے بے گھر ہونے والے لوگوں سے بات چیت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال کا خود مشاہدہ کرنے کے بعد وہ جمعہ کی شام کراچی ایئر پورٹ پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو بھی کریں گے.
قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کا کہنا تھا کہ اپنے دورہ کے دوران عالمی برادری سے پاکستان کے لئے بڑے پیمانے پر امداد کی اپیل کروں گا۔
اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے اور وہ پاکستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے اور عالمی برادری سے بڑے پیمانے پر مدد کی اپیل کرنے کے لیے پاکستان جارہے ہیں کیونکہ اس وقت پاکستان کو عالمی برادری کی طرف سے بھرپور امداد کی ضرورت ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بین الا قوامی برادری سے پاکستان کے متاثرہ سیلاب افراد کے لئے فوری امداد کی اپیل کررہے ہیں ۔ اس وقت یوکرین جنگ پر زیادہ تو جہ دی جارہی ہے کیونکہ لوگ بھول گئے ہیں اصل جنگ توموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی ہے، پاکستان، چاڈ، اور قرن افریقہ، جہاں خشک سالی قحط کا باعث بن رہی ہے وہاں اس وقت سب سے بڑاخطرہ جس سے نمٹنے کی ضرورت ہے وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ہیں۔








