Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیلی فون پر حافظ نعیم سے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست


وزیراعظم شہباز شریف نےامیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور جماعت اسلامی سے عوامی مطالبات کے لیے جاری لانگ مارچ کو چند روز کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کی۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے حافظ نعیم الرحمان کو بتایا کہ حکومت نے عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے اور وطن واپس پہنچتے ہی ان سے ملاقات کرکے عوام کے لیے مزید بہتر ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔


حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم سے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ اعلان کیا گیا ریلیف پیکیج کسی صورت قابل قبول نہیں اور جماعت اسلا می اپنے مطالبات کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے لیوی بھتے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے اور لیوی بھتے کے خاتمے تک احتجاج سے دستبردار نہیں ہوگی۔


https://x.com/MuhammadAalija1/status/2102137426999390377?s=20


حافظ نعیم الرحمان کے مطابق انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ لانگ مارچ میں چند روز کا وقفہ دینے کی ان کی درخواست پر جماعت کی قیاد ت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا،منگل کی صبح مشاورت کے بعد ملتان میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے لیوی بھتہ ختم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں، عوام مہنگائی اور معاشی مشکلات سے شدید متاثر ہیں اور ان کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔


ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے تاریخی استقبال پر اہلِ ملتان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹرین کو جان بوجھ کر 4 گھنٹے تاخیر کا شکار بنایا گیا، تاہم ایسی کوششیں کرنے والے دیکھ لیں کہ یہاں عوام کا سمندر موجود ہے بلوچستان ہمارا دل اور جان ہے اور ہماری تحریک کا حصہ بن چکا ہے، بلوچستان سے بھی قافلہ ملتان پہنچا جس کا تاریخی استقبال ہوا، جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی قافلے نکل پڑے ہیں جب ملک بھر سے عوام نکل پڑے ہیں تو کنٹینرز منہ دیکھتے رہ جائیں گے، حکومت کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ لیوی بھتہ ختم کیا جائے۔


https://x.com/RanaAamirilyas/status/2102140039333622027?s=20


امیر جماعت اسلامی نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی معاشی دہشتگردی ہے، عوام کو ریلیف دیاجائےہم عوام کے مسائل کے لیے نکلے ہیں، عوام کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں اور لوگ پریشانیوں کے باعث خودکشیاں کر رہے ہیں کئی دہائیوں سے عوامی مسائل پر کوئی جماعت سیاست نہیں کرتی، سیاسی جماعتوں میں مافیاز موجود ہیں جو کارٹیلز کی شکل میں داخل ہو چکے ہیں۔


حافظ نعیم الرحمان کے مطابق گندم کے ایک ایک من پر ہزاروں روپے ان کی من پسند کمپنیاں لیتی ہیں جبکہ مڈل مین مافیا نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے آٹا اور چینی مافیا بھی سیاسی جماعتوں میں گھسا ہوا ہے شوگر مافیا کسانوں کو گنے کی پوری قیمت ادا نہیں کرتا، جبکہ کبھی چینی درآمد اور کبھی برآمد کرکے کمیشن بنایا جاتا ہے۔ چینی مافیا کو ٹیکسوں میں بھی چھوٹ مل جاتی ہے،آئی پی پیز کے خلاف جماعت اسلامی نے جدوجہد کی تو عوام کو ریلیف ملا۔ ان کے بقول تمام حکومتوں نے آئی پی پیز کے ساتھ ناجائز معاہدے کیے۔


دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے مختصر پاکستانی وفد کے ہمراہ نیو یارک پہنچ گئے ہیں.

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے دورے میں ان کے ہمراہ ہونگے. وزیراعظم 25 ستمبر 2026 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے.

وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے جس میں ڈائیلاگ، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے. وزیرِ اعظم خطے میں کشیدگی کے خاتمے، امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی فعال سفارتی و ثالثی کوششوں کو اجاگر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشتگردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت اہم عالمی امور پر پاکستان کی ترجیحات پیش کریں گے.


https://x.com/PakPMO/status/2102109043955286031?s=20

وزیراعظم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں طویل عرصے سے جاری قبضے اور حق خودارادیت سے محرومی کے مسائل پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے. وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ترقی، موسمیاتی اقدامات اور دیگر اہم امور سے متعلق متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت اور پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے. وزیراعظم اجلاس میں شرکت کیلئے موجود مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے.

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL