مولانا فضل الرحمان کا پارلیمنٹ کے اِن کیمرا اجلاس کا مطالبہ

سربراہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ کا اِن کیمرا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کچھ جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا تو وفاقی دارالحکومت کنٹینرز سے بھر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسائل پارلیمنٹ میں لائے جائیں، حکومت میں بیٹھے لوگ خاموش ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس کا اِن کیمرا اجلاس بلایا جائے، پارلیمانی لیڈر کے بند کمرے اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ ملک پر قرضوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے، ہم بار بار کہتے رہے ہیں کہ دو صوبوں میں کوئی حکومتی رٹ نہیں۔ سندھ میں جائیں تو وہاں بھی اسٹریٹ کرائمز ہیں، بلوچستان جائیں تو وہاں دن دیہاڑے بینک لوٹے جاتے ہیں، کوئی نظام نہیں کہ بینکوں یا شہریوں کو تحفظ دے سکیں۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ کل ہمارے ایک سینیٹر عبدالشکور خان کو ایئرپورٹ پر روک دیا گیا، وہ چین نہیں جا سکے، ہمارے صوبے میں وزرا کو روڈ پر روک دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے معاہدے کو آگے بڑھنا چاہیے، ان میں مصر اور ایران کو بھی شامل کیا جائے، ساری صورتحال سے قوم کو بے خبر رکھا جا رہا ہے۔





