حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔ پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 49 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 73 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ پیٹرولیم پرائسنگ میکانزم کے تحت 30 ستمبر 2026 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا تعین کیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت 389 روپے 3 پیسے سے کم کرکے 387 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 404 روپے 97 پیسے سے کم ہوکر 402 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اوگرا کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی عالمی مارکیٹ میں پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث کی گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمتیں 30 ستمبر 2026 سے نافذ ہوں گی۔
حکام کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں قیمتوں، درآمدی لاگت، پریمیم اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم پرائسنگ میکانزم کے تحت کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں






