Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

راحت فتح علی خان اور عمار بیگ کا نیا گانا "آجا" سوشل میڈیا پر وائرل


معروف گلوکار راحت فتح علی خان اور نوجوان گلوکار عمار بیگ کا نیا گانا "آجا" ریلیز ہوگیا ہے جس میں مشرقی کلاسیکی موسیقی کی گہرائی اور جدید اندازِ پیشکش کا خوبصورت امتزاج پیش کیا گیا ہے۔

گانے میں راحت فتح علی خان کی پُرسوز آواز اور عمار بیگ کے منفرد انداز کو یکجا کیا گیا ہے، جبکہ گانے کی دھن میں کلاسیکی موسیقی کی جھلک کے ساتھ جدید موسیقی کا رنگ بھی نمایاں ہے۔

گانے میں محبت، انتظار، کسی کو پکارنے اور بچھڑنے کی کسک جیسے جذبات کو موسیقی کے ذریعے خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ گانے میں ایک ایسے دل کی کیفیت بیان کی گئی ہے جو اپنے کسی خاص شخص کی واپسی کا منتظر ہے اور اسے بار بار پکار رہا ہے۔

راحت فتح علی خان کی کلاسیکل موسیقی اور عماربیگ کی آواز نے گانے کو چار چاند لگا دیئے ہیں، جو نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہورہاہے۔ گانے میں مشرقی کلاسیکی موسیقی کی گہرائی کو جدید صوتی اور بصری انداز کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔

گانے کے بول وارث بیگ اور عمار بیگ نے تحریر کیے ہیں جبکہ کمپوزیشن بھی دونوں فنکاروں نے مل کر ترتیب دی ہے۔ موسیقی کی ترتیب عمیر حسن نے دی، جبکہ مکس اور ماسٹرنگ افضل، اسٹائلس اسٹوڈیو نے کی ہے۔

"آجا" کی ویڈیو کو جووی فلمز نے ڈائریکٹ کیا ہے، ایگزیکٹو پروڈیوسر سائلنٹ مونک فلمز ہیں جبکہ زین العابدین نے بطور ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔ ویڈیو میں صبا خالد نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ گانے کی کوریوگرافی پپو سمرتھ نے کی جبکہ آرٹ ڈائریکشن کی ذمہ داری صدا، گریس آرٹ اسٹوڈیو نے سنبھالی۔

عمار بیگ اس سے قبل بھی کئی گیتوں کے ذریعے اپنی گائیکی کا لوہا منوا چکے ہیں، ان کے گانے ’جوگیا‘ کو یوٹیوب سمیت مختلف میوزک پلیٹ فارمز پر بے حد پذیرائی ملی تھی، جس کے بعد عمار بیگ کی مقبولیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔

حال ہی میں عماربیگ کا نومل راؤ کی کے ساتھ ڈراما سیریل ’مدار‘ کا نیا او ایس ٹی ’تیرے عشق میں‘ ریلیز ہوا جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔