اردن آتشزدگی،13 پاکستانیوں کی موت پر وزیراعظم بھی افسردہ

0
43

اردن آتشزدگی،13 پاکستانیوں کی موت پر وزیراعظم بھی افسردہ

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اردن میں آتشزدگی کے واقعہ میں 13 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے اردن میں آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بہادر خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ اس مشکل وقت میں حکومت بھرپور مدد کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے اردن کے حکام کی جانب سے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اردن میں پاکستان کے سفیر اور سفارتخانہ کے دیگر حکام غمزدہ خاندانوں کے ساتھ بھرپور رابطے میں ہیں اور ہر ممکن مدد کر رہے ہیں

قومی خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اردن میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں 7 بچوں، 4 خواتین سمیت 13 پاکستانی افراد جاں بحق ہوئے ہیں، آتشزدگی کا واقعہ علیٰ الصبح دو بجے پیش آیا‘ آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ آتشزدگی کے واقعہ میں تین پاکستانی زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے، اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے،

زخمی افراد عمان سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقہ میں رہائش پذیر تھے۔ مقامی فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا۔ زخمیوں کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے جوئیہ خاندان سے ہے۔ جوئیہ خاندان کے سربراہ علی شیر جوئیہ واقعہ میں بچ گئے ہیں۔

یہ خاندان 1970ءمیں اردن منتقل ہوا تھا اور وہاں پر زراعت کے شعبے سے منسلک تھا۔ عمان میں پاکستانی سفارتخانہ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ عمان میں پاکستانی سفارتخانہ اور حکام کسی بھی ہنگامی تعاون کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اردن کے حکام پاکستانی مشن کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

وزارت خارجہ نے عمان میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایات دیں ہیں کہ ان بہادر خاندانوں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں۔ دفتر خارجہ نے آگاہ کیا کہ آتشزدگی کے واقعہ کے حوالے سے معلومات کے حصول اور کسی بھی قسم کے تعاون کے لئے عمان میں پاکستانی سفارتخانے کے دو اہلکاروں کو رابطہ کار مقرر کیا گیا ہے جن میں حسنین حیدر (سیکنڈ سیکرٹری)، موبائل نمبر 00962-796912676 اور ماجد امین (اسسٹنٹ)، موبائل نمبر 00962-796417462 شامل ہیں۔

Leave a reply