آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 13ویں عالمی اردو کانفرنس کے دوسرے روز اختتام پر ’محفل موسیقی‘ کا انعقاد کیاگیا۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق محفل موسیقی میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی بینڈ سمیت نامور گلوکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ اس موقع پر گلوکار نمرہ رفیق، احسن باری اور ارمان رحیم نے اپنی سریلی آواز کا جادو جگاتے ہوئے شرکاء کو جھومنے پر مجبور کردیا۔
آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی کی رکن اور معروف فنکارہ ڈاکٹر ہما میر نے امیر خسرو کا کلام پیش کرکے محفل لوٹ لی جبکہ نامور لوک فنکارہ تاج مستانی نے سرائیکی گیت سمیت آلے آلے اور قلندری دھمال گا کر سامعین اور حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
گلوکارہ عروسہ علی نےبھی خوب رنگ جمایا۔اخلاق احمد نے جان نثار اختر کی غزل پیش کی اور مہدی حسن کی گائی ہوئی مشہور غزل ’تیری محفل میں ہم نہ ہوں گے‘ اپنے انداز میں گائی۔
محفل موسیقی میں ٹھمری خیال کی گائیکی ،گیت غزل ،کلاسیکی موسیقی سمیت ہر رنگ کی موسیقی پیش کی گئی۔کمپئرنگ کے فرائض نومی خان نے انجام دیئے۔








