کابل :افغان طالبان کے انکار کے بعد امریکہ کی آنکھیں کھل گئیں: 31 اگست تک افغانستان سے نکل جانے کا وعدہ ،اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کی وارننگ کے بعد امریکی صدر جوزف بائیڈن نے انخلاء یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
افغان طالبان کی دھمکی کے بعد امریکا اپنے ارادے بدلنے پر مجبور ہو گیا، امریکی صدر کا افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کیلئے مقررہ ڈیڈ لائن میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے افغانستان سےانخلا کی ڈیڈلائن میں توسیع نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی صدربائیڈن نے آج واشنگٹن میں اعلان کیا کہ امریکا اکتیس اگست تک افغانستان سےانخلا مکمل کرلےگا۔
قبل ازیں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا تھا کہ ڈیڈ لائن سے قبل تمام امریکیوں کو افغانستان سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ افغانستان سے انخلا کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور رواں ماہ کے اختتام تک تمام امریکی افواج کو نکال لیا جائے گا۔ ہم یقینی طور پر رواں ماہ کے اختتام پر نظریں لگائے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پینٹاگون کو افغانستان سے نکالے گئے افراد کو رکھنے کے لیے اضافی بیسز کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد ملکی اور غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل میں غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایوی ایشن ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران افغانستان کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکی ایئرفورس سمیت مختلف ممالک کی ایئر فورسز اور دیگر 106 طیاروں نے لینڈنگ اور ٹیک آف کیا، جن میں 98 پروازیں مختلف ملکوں کی ایئرفورسز کی تھیں۔”
کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کے بورڈ کے مطابق ہوائی اڈے کے رن وے خاص طور پر رات کے وقت انتہائی مصروف رہے۔ افغانستان کے مقامی وقت 22 اگست کی رات 10 بجے سے لے کر 23 اگست کی رات 10 بجے تک کابل ایئر پورٹ پر 55 طیاروں کی لینڈنگ ہوئی جبکہ ان میں 52 نے ٹیک آف کیا۔امریکی ایئر فورس کے سب سے زیادہ 67 طیاروں کی آمد اور روانگی ہوئی ہے۔
رائل ایئر فورس کی 10 لینڈنگ اور ٹیک آف ہوئے، ترکش ایئر فورس کے 3، اسپین ایئر فورس کی دو، رائل نیوزی لینڈ ایئر فورس کی 2، رائل آسٹریلین ایئر فورس کی 4 لینڈنگ اور ٹیک آف ہوئے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گلوبل ایکس کی 6 پروازوں کی آمد و روانگی ریکارڈ کی گئی۔ افغانستان کی کمرشل ایئر لائن کم ایئر کی بھی 3 لینڈنگ اور ایک ٹیک آف ہوا۔ کال سائن کے بغیر 4 طیاروں نے لینڈنگ اور ٹیک آف کیا۔ جارجیا سے بھی 4 کارگو طیاروں کی آمد اور روانگی مانیٹر کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف 24 گھنٹوں کے دوران کابل ائیرپورٹ کے ذریعے ہزاروں افراد کا افغانستان سے اںخلاء ہوا۔