وہاڑی : جشن عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا

وہاڑی(باغی ٹی وی رپورٹ)ضلع وہاڑی میں 12 ربیع الاول کو جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 12 ربیع الاول کو جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صفائی ستھرائی، جلوسوں کی روانی اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ وجہ تخلیق کائنات ہیں اور ان کی سیرت پر عمل کرکے ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان قائم کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کسی قسم کی دل آزاری سے گریز کریں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مذہبی عبادت گاہوں کے باہر کوئی ایسا پوسٹر یا بینر نہیں لگایا جائے گا جس سے کسی کے جذبات مجروح ہوں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جشن عید میلاد النبی ﷺ پر مشاورت سے بہترین اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ جلوسوں کی روانی کو بہتر بنایا جائے گا اور صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

Leave a reply