کراچی :تھانے میں برہنہ کرکے تشدد اور ویڈیو بنائی گئی:سوشل میڈیا کی کہانی ،بدنصیب کی زبانی ،اطلاعات کے مطابق انسٹاگرام کی دوستی پر آشنا سے مل کر شوہر کو قتل کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والی گرفتار ملزمہ عرین جنت نے کراچی کے تھانے میں برہنہ کرکے تشدد کرنے اور ویڈیو بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو منگل کو پولیس ریمانڈ ختم ہونے پر جیل بھیج دیا گیا، جیل روانگی سے قبل ملزمہ نے ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا جس میں عرین جنت نے مقدمے کے مدعی اور خاتون ایس ایچ او پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
ملزمہ عرین جنت کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ مدعی مقدمہ رضوان تفتیشی افسر کے پاس تھانے آتا تھا اور میرے پاؤں پر پاؤں رکھ کر سگریٹ پیتا رہتا تھا، مدعی رضوان شیخ اقرار جرم کا کہتا تھا، رضوان کہتا رہا کہ ایک دفعہ بول دو میں تمہیں معاف کر دوں گا۔
ملزمہ عرین جنت نے لیاقت آباد میں واقع ویمن ویسٹ زون تھانے میں بھی بدسلوکی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ویمن پولیس اسٹیشن میں انہیں مدعی کے سامنے آنکھوں پر پٹی باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
عرین جنت کے مطابق 2 پولیس والیاں دوپٹہ اتار کر آنکھوں پر پٹی باندھ کر مجھے رضوان کے پاس لے گئیں، تھانے میں کپڑے اتار کر تشدد کیا گیااور برہنہ ویڈیو بھی بنائی جاتی رہی۔
ملزمہ عرین جنت کے مطابق رضوان کہتا تھا کہ میں اپنی بیوی کو بھی لے کر آتا ہوں وہ بھی اسے مارے گی، رضوان کے کہنے پر مارا پیٹا گیا۔دوسری جانب ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت کے حکم پر ملزمہ عرین جنت کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ملزمہ عرین جنت پر انسٹاگرام سے دوست بننے والے سلمان سے زہر منگوا کر شوہر کو قتل کرنے کا الزام ہے۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آشنا سے مل کر اپنے شوہر کو جوس میں زہر ملا کر قتل کرنے والی ملزمہ کو انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے آشنا سمیت گرفتار کر لیا۔
سینیئر سپرٹنڈنٹ ایسٹ انویسٹی گیشن الطاف حسین کے مطابق گزشتہ سال 29 جون کو گلشن اقبال تھانے میں رضوان نامی شہری نے مقدمہ نمبر 828/2021 زیر دفعہ 302/337J درج کرایا تھا۔
مدعی مقدمہ رضوان کے مطابق 27 جون کو ان کے بیٹے یوشاہ اپنی اہلیہ وی آرین جنت کے ہمراہ گلشن اقبال کے جوس سینٹر میں جوس پینے کیلئے گئے تھے جہاں پر جوس پینے کے بعد یوشاہ کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس پر اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ایف آئی آر میں مدعی نے اپنے بیٹے کو زہر دے کر قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق دوران تفتیش اس کیس میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ متوفی حالات و واقعات کے مطابق یوشاہ کی بیوی آرین جنت کی لاہور کے رہائشی سلمان سے ڈیڑھ سال قبل انسٹاگرام پر دوستی ہوئی تھی جو آہستہ آہستہ عشق میں تبدیل ہوگئی اور دونوں نے ایک ہونے کیلئے یوشاہ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
پولیس تفتیش کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد کیلئے ملزم نے لاہور سے بذریعہ کوریئر سروس چاکلیٹ اور ایک عدد لیڈیز سینڈل ملزمہ کو کراچی بھجوائی، ملزم نے محبوبہ کو گفٹ کیے گئے سینڈل کی ہیل کے اندر زہر چھپا کر بھیجا۔
ملزمہ کے بیان کے مطابق وقوعہ کے روز متوفی یوشاہ کی بیوی چالاکی سے اپنے شوہر کو فریش جوس پلانے گلشن اقبال میں واقع گرینو جوس سینٹر لے گئی اور دھوکے سے اس کے جوس میں آشنا کا بھیجا گیا زہر ملا دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
ایس ایس پی الطاف حسین کے مطابق تفتیش کے دوران تمام شواہد جمع کیے گئے جن کی بنیاد پر انسپکٹر حاجی امتیاز اور ان کی ٹیم نے ملزم سلمان اور متوفی کی بیوی آرین جنت کو گرفتار کرلیا۔