وزیر اعظم عمران خان کے پاکستان کو سر سبز و شاداب اور آلودگی سے پاک بنانے کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک بھر میں آج "ون ڈے پلانٹیشن ڈرائیو” کا آغاز کیا گیا اس میں ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق وائس آف پاکستان کی جانب سے 7 سے 14 اگست کو ایک فرد ایک شجر کے عنوان سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا- چیئرمین وائس آف پاکستان سید عتیق الرحمن بخاری نے ہفتہ شجرکاری کا افتتاح کیا-
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دنیا میں کئی ایسی چیزیں ہیں جن کی وجہ سے دنیا قائم ہے ۔ ان میں سے ایک شجرکاری بھی ہے ۔ شجر کاری ہر دور کے انسان کے لیے اہم رہی ہے اور رہے گی۔
چیئرمین وائس آف پاکستان سید عتیق الرحمن بخاری نے کہا کہ وائس آف پاکستان کے تمام ممبران بالخصوص اور عوام الناس بالعموم ایک شجر ضرور لگائیں اور اس کا باقاعدہ خیال بھی رکھیں۔
اس موقع پر مرکزی صدر وائس آف پاکستان رضی طاہر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بیماریوں سے مدافعت کے لیے درخت اﷲ تعالی کی طرف سے ایک تحفہ ہیں اسی لیے اسلام نے درختوں کو کاٹنے سے منع فرمایا ہے اور انہیں زمین کی زینت قراردیا ہے۔
خیال رہے کہ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبر سید محمد اسد، ممبران سید منیب الحسن، نعمان بٹ، علی اصغر، امیر حمزہ، عثمان موجود تھے۔
اس سے قبل سینئر صحافی اور اینکر پرسن مبشر لقمان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سال ایک پودا لگائیں اور اپنے بچوں کے مستقبل سنوارنے کے لیے سرمایہ کاری کریں. صاف شفاف ماحول ہی صحت مند زندگی کا ضامن ہے . اگلی نسلوں کے لیے ہم اس کے مقروض ہیں.
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج "ون ڈے پلانٹیشن ڈرائیو” کا آغاز ہو گیا ، اس پروگرام کے تحت ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
پاکستان کو سر سبز و شاداب اور آلودگی سے پاک بنانے کے مشن کا آغاز ہو گیا، وزیراعظم نے قوم کو شجرکاری مہم میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں شامل ہے جس سے نمٹنے کیلئے شجرکاری انتہائی اہم اور ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خود شجرکاری مہم میں حصہ لوں گا، وزراء و ارکان پارلیمنٹ بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیں، 2023 تک 10 ارب درخت لگانا ہمارا ہدف ہے