آزاد کشمیرمیں حکومت کس کی ہوگی؟ فیصلے کی گھڑی آگئی،ووٹنگ کا مقررہ وقت ختم:نتائج آناشروع

مظفر آباد: آزاد کشمیرمیں حکومت کس کی ہوگی؟ فیصلے کی گھڑی آگئی،ووٹنگ کا مقررہ وقت ختم:نتائج آناشروع ہوگئے ہیں ،ادھراطلاعات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے تک جاری رہا۔ الیکشن کمیشن نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے بھرپورانتظامات کئے۔

آزاد جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے 45 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں سے 33 حلقے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں ہیں جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں رہنے والے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی ووٹ ڈالے گئے۔ قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کا انتخاب نتائج آنے کے بعد کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے فوج، ایف سی، رینجرز اور پولیس کی خدمات بھی حاصل کیں۔ انتخابات میں رائے دہندگان کی تعداد 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مرد رائے دہندگان کی تعداد 17 لاکھ سے زیادہ جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ سے زائد ہے۔

ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان ہے جبکہ مسلم کانفرنس، جماعت اسلامی اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 11ویں عام انتخابات کیلئے آزاد کشمیر کیساتھ ساتھ پاکستان کے چاروں صوبوں میں بھی مہاجرین کے انتخابی حلقوں ووٹ ڈالے گئے۔

پاکستان کے چاروں صوبوں میں کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں میں سے 6 نشستیں وادی کشمیر اور 6 جموں کے مہاجرین کے لئے مختص ہیں۔

آزاد جموں وکشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید نے آج صبح مظفر آباد میں پولنگ کے عمل کا معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح پچاس فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مظفر آباد ایل اے 17 کہوٹہ حویلی گرلز ہائی سکول بنی لنگڑیال پولنگ سٹیشن میں پی پی پی کے فیصل ممتاز راٹھور 140 ووٹ لے کر آگے جبکہ مسلم لیگ ن کے چودھری عزیز 81 ووٹوں کیساتھ دوسرے اور تحریک انصاف کے عامر نذیر 66 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ اس پولنگ اسٹیشن پر 299 ووٹ پول ہوئے ہیں جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

Comments are closed.