شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر پہلی دو لہروں سے زیادہ مہلک اور خطر ناک ہے کرونا وائرس کی پہلی دو لہروں کے دوران ہم نے مل کر وبا کا مقابلہ کیا اور اس میں کامیابی حاصل کی۔ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی لہذا ہمیں احتیاط کا دامن تھامے رکھنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں ایک بار پھر سے وہی عزم دوہرانا ہے اور ہم سب کو مل کر کرونا کو ہرانا ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے کہا کہ کرونا کی وبا سے محفوظ رہنے کے لئے ضروری ہے کہ احتیاطی تدابیراور حکومت کی جانب سے مرتب کردہ ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔ کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کی روک تھا م اور عوام کے تحفظ کے لئے انتہائی سنجیدگی سے غوروفکر کرنے کے بعد فیصلے کئے جاتے ہیں۔ عوام کا اخلاقی فرض ہے کہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں پر عمل کریں اور ایس او پیز پر بھی عمل در آمد یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق 29مارچ تک تمام کاروباری مراکز شام 6بجے بند کر دیے جائیں گے اور ہفتہ ،اتوار کو صرف میڈیکل سروسز، فارمیسی، بیکریاں، جنرل سٹور ، دودھ اور گوشت کی دوکانیں، ٹائر شاپس، تندور، پوسٹل سروسز، پٹرول پمپ اور سپئیرپارٹس ساپس کو کھلنے کی اجازت ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے دوکانداروں کے خلا ف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ملکی معیشت کا دارومدار تاجر برادری پر ہے لیکن حکومت کسی کو بھی عوام کی جانوں کے ساتھ کھیلنے اور قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے سکتی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ایس او پیز پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے اور کسی دباﺅ کو خاطر میں لائے بغیر قانون شکنوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے








