وزیر اعظم شہباز شریف ایئرفورس کے خصوصی طیارے میں سعودی عرب روانہ ہو گئے

وزیراعظم شہباز شریف 12 رکنی وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ، سابق وزیراعظم عمران خان 2021 میں 44 اور 2019 میں 39 رکنی وفد اپنے ہمراہ سعود ی عرب لے گئے تھے

وفاقی وزرا میں بلاول بھٹو ، مفتاح اسماعیل، شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں خو اجہ آصف، سالک حسین،خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ مثالی پاکستان اور سعودی عرب دوستی کا ایک نیا تاریخی باب کھولے گا۔ انہیں دورے کی دعوت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی تھی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہبازشریف کا پہلا غیرملکی دورہ ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تجدید کا مظہر ہے چار سال کے دور گھبراہٹ کے بعد پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر آباد ہورہی ہے، استحکام، ترقی اورخوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردگان سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر آج سعودی عرب کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ترک میڈیا کے مطابق ترک صدر سعودی حکام سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات بحالی پر تبادلہ خیال کریں گے، ترک صدر دورہ سعودی عرب کے دوران ترکی کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کریں گے۔


ترکی میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے رواں ماہ ترکی کی عدالت نے جمال خاشقجی کیس کو سعودی عرب منتقل کرنے کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔

قبل ازیں وزیراعطم شہباز شریف نے کہا تھا کہ آج سعودی عرب کے دورے پر جا رہا ہوں۔ دورہ سعودی عرب سے بھائی چارے اور دوستی کا رشتہ مزید پختہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت سے وسیع پیمانے پر بات چیت کروں گا کیونکہ سعودی عرب ہمارے بڑے دوستوں میں سے ایک ہے۔ سعودی عرب 2 مقدس مقامات کے محافظ کے طور پر خاص مقام رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج 3 روز ہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے اور وزیر اعظم سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا۔

واضح رہے کہ شہباز شریف بطور وزیر اعظم پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر سے آباد ہونے جا رہی ہے استحکام، ترقی اور خوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو عمرہ اور روضہ رسول اللہﷺ پر حاضری کی برکتیں ہمارے ساتھ ہوں گی۔

Shares: