وفاقی وزیر نے تحریک انصاف سے مذاکرات سے متعلق رابطوں کی تصدیق کردی ہے.
وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما احسن اقبال نے مذاکرات سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے رابطوں کی تصدیق کردی. نجی ٹی وی سے بات کرتےہوئے فاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کچھ سنجیدہ لوگوں نے رابطہ کیا تھا۔ لیکن عمران خان کی ضد اور انا کے آگے کوئی کچھ بول نہیں سکتا۔
وفاقی وزیر اور ن لیگ کے سینیئر رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس لیے تحریک انصاف کے سنجیدہ لوگ بھی بے بس ہوجاتے ہیں. واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں آئی تھی کہ حکومتی نمائندوں سے مذاکرات قریبی دوستوں کے ذریعے ہو رہے ہیں، جس میں صدر مملکت عارف علوی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی ذرائع نے بتایا تھا کہ مذاکرات کاروں کی جانب سے درمیانی راستہ نکالنے کی کوششیں کی گئیں تاہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لانگ مارچ مکمل کرنے کے حق میں ہیں۔ جبکہ مذاکرات میں عام انتخابات کی تاریخ پر بات چیت ہو رہی ہے. خیال رہے گزشتہ ماہ حکومت نے پی ٹی آئی سے بات چیت کے لیے 13 رکنی کمیٹی قائم کی جس کے سربراہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو رکھا گیا۔ جبکہ کمیٹی میں ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، قمر زمان کائرہ، خالد مقبول صدیقی، میاں افتخار، مولانا اسد اور مریم اورنگزیب سمیت حنیف عباسی، خالد مگسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور طارق بشیر چیمہ بھی شامل۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، جمہوری لوگ ہیں بات چیت کے لیے تیار ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے حکومت سے بات چیت کے لیے شرط رکھ دی تھی۔








