پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی ہر دلعزیز ماڈل و اداکارہ سارہ خان کا کہنا ہے کہ اُن کے والد کا انتقال کورونا وائرس کے باعث ہوا تھا۔
باغی ٹی وی : سارہ خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے والد کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے اور صرف پانچ دن کے اندر اُن کا انتقال ہوگیا تھا۔
اداکارہ نے کہا تھا کہ جب میرے والد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو گھر کے تمام افراد نے بھی اپنے ٹیسٹ کروائے تھے جس کے نتیجے میں فلک اور مجھ سمیت میرے بھائی بہن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا-
سارہ خان نے کہا کہ ہماری قوتِ مدافعت مضبوط تھی جس کی وجہ سے ہم کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے تھے لیکن چونکہ والد کی عُمر 70 سال سے زائد تھی تو وہ کورونا کو شکست نہ دے سکے اور انتقال کرگئے۔
سارہ خان نے کہا کہ ہم سب لوگوں کو کورونا وائرس کی الگ الگ علامات ظاہر ہوئی تھیں کسی کو بخار تھا تو کسی کو نزلہ زکام۔
اداکارہ نے خود کے بارے میں بتایا کہ ’کورونا وائرس کے دوران مجھے شدید سر درد ہوتا تھا جو برداشت کرنا بہت مشکل تھا جبکہ میرے بھائی کو کورونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سارہ خان کے والد کا انتقال ہوا تھا-