سندھ اسمبلی میں سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار وقار مہدی 111 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب مدمقابل امیدوار ایم کیو ایم کی نگہت مرزا نے 36 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کے وقار مہدی نے 111 ووٹ لے کر سندھ سے سینیٹ کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔وقار مہدی کے مد مقابل ایم کیو ایم پاکستان کی امیدوار نگہت مرزا تھیں جنہیں صرف 36 ووٹ ملے۔ریٹرننگ افسر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 149 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 2 ووٹ غلط مارکنگ کے باعث مسترد ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی نے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل، پیپلزپارٹی کے وفد ناصر حسین شاہ کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے سینیٹ کی خالی نشست پر ایم کیو ایم سے دستبردار ہونے کی درخواست کی تھی تاہم، ایم کیو ایم پاکستان نے پارٹی میں مشاورت کے بعد سینیٹ میں مرحوم تاج حیدر کی خالی نشست پر الیکشن کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی حمایت سے انکار کردیا تھا۔واضح رہے کہ 08 اپریل کو پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور بزرگ سیاستدان سینیٹر تاج حیدر مختصر علالت کے بعد 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے.
برطانوی سپریم کورٹ،اے آر وائی کے سلمان اقبال "جیوٹی وی”کیخلاف مقدمہ ہار گئے
پی ٹی آئی کو دھچکا،مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن گرینڈ الائنس میں شامل ہونے سے انکار