واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالغفار چوہدری) شہزادہ قاسم کی مہندی کا مرکزی جلوس،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ساتویں محرم الحرام کے موقع پر شہزادہ قاسم کی مہندی کا مرکزی جلوس برمکان سید عارف حسین نقوی، چیف آرگنائزر انجمن جعفریہ واربرٹن سے برآمد ہوا۔ جلوس گلی عزت شاہ پہنچا تو خان برادران کی جانب سے مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جہاں معروف عالم دین علامہ محمد علی حسنین آف مدینہ منورہ نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کربلا کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی لازوال قربانی نے اسلام کو حیاتِ نو بخشی۔

جلوس کی قیادت انجمن جعفریہ واربرٹن کے صدر سید نافع طاہر بخاری نے کی، جبکہ جنرل سیکرٹری سید آصف علی کاظمی سمیت دیگر منتظمین مجلس و جلوس نے بھرپور شرکت کی۔ میونسپل کمیٹی واربرٹن کے سی او میاں مبین خالد کی خصوصی ہدایات پر جلوس کے تمام مقررہ راستوں کی صفائی، روشنی اور پانی کی سبیلوں کا اعلیٰ انتظام کیا گیا۔ جلوس میں شریک عزاداروں کے لیے ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلیں لگائی گئیں جن سے عزاداروں نے استفادہ کیا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے تھانہ واربرٹن کے ایس ایچ او مجاہد عباس ملہی کی سربراہی میں فول پروف انتظامات کیے گئے۔ جلوس کے راستوں اور ملحقہ گلیوں کو قناعتیں لگا کر سیل کیا گیا اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ ہر آنے والے عزادار کی چیکنگ بھی کی گئی تاکہ امن و امان کی فضا قائم رکھی جا سکے۔

جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ جعفریہ پہنچ کر بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

Shares: