مسلم لیگ (نواز) کے قائد میاں نواز شریف نے وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ماہ پاکستان واپس آرہا ہوں ، ملک کو خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے، سابق وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں نواز شریف کی وطن واپسی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے لاہور ایئرپورٹ کو فائنل کیا گیا ہے جبکہ وہ اکتوبر کے دوسرے نصف میں پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔
پاکستان پہنچنے پر نواز شریف راہداری ضمانت لے سکتے ہیں ۔ نواز شریف کو تجویز دی گئی ہے کہ داتا دربار پر جائیں اور کارکنوں سے خطاب کے بعد رائے ونڈ روانہ ہوں، دوسری جانب نواز شریف نے لندن میں لیگی کارکنوں سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ پاکستان واپس آرہا ہوں ، پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے، سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ چند افراد نے مخصوص مقاصد کیلئے پاکستان کو نشانہ بنایا.
نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف سے پہلے پاکستان جائوں گا۔ اللہ کا شکر ہے کہ میرے کینسر ٹیسٹ کلیئر آئے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اچھی بات ہے ڈالر نیچے آیا ہے، ڈالر جتنا نیچے آئے گا اتنا ہی ہماری معیشت کیلئے بہتر ہوگا ۔ تاہم واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف الیکشن میں مسلم لیگ ن کی مہم کی قیادت کریں گے ۔