زیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سندھ امور ارباب غلام رحیم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات اور حرکتیں غیر جمہوری ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب غلام رحیم نے بتایا تھا کہ ٹنڈو محمد خان میں پریس کلب سے واپسی پر پیپلز پارٹی کے ’غنڈوں‘ نے ان کے قافلے پر مبینہ طور پر حملے کی کوشش کی۔

ارباب غلام رحیم نے کہا کہ حملے میں پی ٹی آئی کے 2 کارکن زخمی ہوئے۔

ارباب غلام رحیم نے کہا کہ جب سے معاون خصوصی بنا ہوں، پیپلز پارٹی میں بے چینی پھیل گئی ہے۔

معاون خصوصی نے یہ بھی کہا تھا کہ ’معاملے سے عمران خان کو بھی آگاہ کروں گا، جب تک یہ آئی جی بیٹھے ہوئے ہیں ایسا ہی ہوتا رہے گا۔‘

Shares: