وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
باغی ٹی وی جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے آسٹریلوی سرمایہ کاروں کو صوبے کے زرعی شعبے میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔انہوں نے زرعی ترقی اور تکنیکی جدت کے لیے صوبائی حکومت کے عزم پر زور دیا۔ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے اس موقع پر بتایا کہ آسٹریلیا مہران یونیورسٹی کے ساتھ ایسی فصلوں پر تحقیق میں تعاون کر رہا ہے جو شدید موسمی حالات کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت کامیاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں شاہراہِ بھٹو کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور رواں سال کے آخر تک اسے مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ شاہراہِ بھٹو کو بندرگاہ سے جوڑنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس سے بندرگاہ سے موٹر وے تک براہِ راست رسائی ممکن ہو سکے گی اور ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔کراچی کی بطور اہم سرمایہ کاری مرکز کی صلاحیت پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شہر میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے سندھ کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے ماں اور بچے کی صحت سے متعلق منصوبوں اور صوبے میں امیونائزیشن مہم کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا.